وزارتِ صحت نے سعودی عرب جانے والے مسافروں، بالخصوص عمرہ زائرین، کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کردی ہیں۔
وزارتِ صحت کے نئے احکامات کے مطابق نادرا سے منسلک ڈیجیٹل ویکسین کارڈ کے بغیر سعودی عرب سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ غیر تصدیق شدہ یا نادرا کے نظام سے منسلک نہ ہونے والے ویکسین کارڈ قابلِ قبول نہیں ہوں گے۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق سول ڈسپنسری کو ویکسی نیشن کے لیے واحد مجاز مرکز مقرر کیا گیا ہے، جہاں سے مسافروں کو ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزارتِ صحت کے مطابق ایئرپورٹ پر ویکسین لگوانے والے مسافروں کو اپنی پرواز کے مقررہ وقت سے کم از کم 6 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنا ہوگا تاکہ ویکسینیشن اور دیگر ضروری کارروائی مکمل کی جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: مکہ دفاعی معاہدہ، سعودی عرب کے دفاع کیلئے پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، دفاعی تجزیہ کار
حکام نے تمام ایئرلائنز اور ٹریول ایجنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ عمرہ زائرین اور سعودی عرب جانے والے مسافروں کو نئے سفری قوانین سے فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ انہیں ایئرپورٹ پر کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔





