مقدس مقام مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش، وزیراعظم شہباز شریف کی سخت الفاظ میں مذمت

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی مبینہ کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اس اشتعال انگیز اقدام پر گہرے دکھ اور تشویش میں مبتلا ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مقدس مقام کو نشانہ بنانے کی کوشش قابل مذمت اور ناقابل معافی فعل ہے، جس پر پاکستانی عوام کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔

وزیراعظم نے شاہی سعودی مسلح افواج کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کی غیر معمولی مستعدی، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں اور مزید کشیدگی سے گریز کرتے ہوئے تنازع کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کریں۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، حوثی حملوں کی شدید مذمت، سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

انہوں نے کہا کہ خطہ پہلے ہی تنازعات کے باعث بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرچکا ہے، اس لیے امن کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی پائیدار راستہ ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے غیر متزلزل طور پر اس کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کا تحفظ بھی پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے اور ہر پاکستانی اس ذمہ داری کو اپنے دل کے قریب سمجھتا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top