امریکا میں محض 30 ڈالر میں خریدی گئی پینٹنگ نیلامی میں 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک قیمت حاصل کر سکتی ہے،ماہرین نے اس پینٹنگ کو شکاگو کی معروف سرریئلسٹ فنکارہ جرٹروڈ ابرکرومبی کا ایک گمشدہ فن پارہ قرار دیا ہے۔
خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایلڈرمن میریمز شیلز نامی اس پینٹنگ کو ایک خزانہ تلاش کرنے والے خریدار نے مشی گن کی اسٹیٹ سیل سے خریدا تھا۔
خریداری کے بعد اس نے پینٹنگ کے نچلے بائیں کونے میں درج ابرکرومبی، 51 کے الفاظ اور تاریخ پر غور کیا، جس سے اسے فنکارہ کے ساتھ تعلق کا شبہ ہوا۔
یہ شبہ اس وقت یقین میں بدل گیا جب خریدار نے ملواکی میں منعقد ہونے والی نمائش جرٹروڈ ابرکرومبی: دی ہول ورلڈ اِز اے مسٹری میں اسی پینٹنگ کی اصل فریم کے ساتھ ایک تصویر دیکھی۔
یوں 30 ڈالر میں خریدی گئی معمولی نظر آنے والی پینٹنگ ایک اہم دریافت بن گئی ہے، جس کی نیلامی میں قیمت لاکھوں ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔





