وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے واضح کیا ہےکہ اسلام آباد میں کسی صورت احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، احتجاج کے حوالے سے وفاقی حکومت کی پالیسی بالکل واضح ہے ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ پرتشدد مظاہرے کیے، احتجاج کے حوالے سے عدالت کا فیصلہ بھی آچکا ہے، عدالتی آرڈر واضح ہے، اس لیے اسلام آباد میں کسی بھی جگہ احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ احتجاج کے معاملے پر کسی قسم کی نرمی نہیں کی جائے گی اور کسی دباؤ کے تحت کوئی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، تاہم قانون سب کے لیے برابر ہے، اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا احتجاج نہیں ہونے دیا جائے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کوہاٹ میں لاشیں پڑی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ موجیں کر رہے ہیں، امن و امان کو بہتر بنانا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعددارلحکومت پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف توڑ پھوڑ کرتی ہے جبکہ جماعت اسلامی کے کارکن پرامن لوگ ہیں، ان کے مطابق جماعت اسلامی کے جلسوں میں کبھی پتہ نہیں ٹوٹتا اور دونوں جماعتوں کا ’’ڈی این اے‘‘ ہی الگ ہے، مجھے نہیں لگتا کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی اکٹھی ہوں گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے کبھی عدالت کے فیصلے کو نہیں مانا، بہتر ہے جماعت اسلامی بھی اسلام آباد نہ آئے، کیوں کہ قانون پھر اپنا راستہ لے گا۔





