پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کوہاٹ پولیس لائنز مسجد دھماکے میں شہید ایس پی ٹریفک اکبر خان شنواری کے گھر لونڈ خوڑ مردان پہنچ گئے، جہاں انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات اور تعزیت کی۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے شہید کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ شہید اکبر خان شنواری نے فرض کی ادائیگی اور پولیس کے مقدس مشن کی تکمیل میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے عظیم مثال قائم کی ہے۔
شہداء کی قربانیاں محکمہ پولیس اور پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ پولیس لائنز دھماکے کی بم ڈسپوزل یونٹ رپورٹ سامنے آگئی
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے قیامِ امن کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ شہداء پولیس ہمارا فخر ہیں اور ان کے اہلخانہ ہمارے خاندان کا حصہ ہیں، انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ شہداء کے خون کا کوئی قطرہ رائیگاں نہیں جائے گا اور امن دشمنوں کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
اس موقع پر آئی جی نے شہید کے اہلخانہ کے صبر و استقامت اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔





