کرم سیکٹر میں ٹی ٹی اے کی بلا اشتعال جارحیت، پاک افواج کا دندان شکن جواب : اہم فعال پوسٹیں تباہ

پاک افغان سرحد پر کرم سیکٹر میں سیکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی زیر نگرانی فتنہ الخوارج کی جانب سے دراندازی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے دشمن کی متعدد سرحدی اور دفاعی پوسٹوں کو تباہ کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں موجود افغان پوسٹوں سے افغان طالبان کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج کے خوارج نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے بارڈر پر موجود بہادر جوانوں نے مؤثر اور منہ توڑ جواب دے کر ناکام بنا دیا۔

دراندازی میں ناکامی کے بعد افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بھاری ہتھیاروں، مارٹرز اور دیگر اسلحے سے بلااشتعال فائرنگ شروع کر دی۔ پاک فوج کے جوانوں نے فوری، مؤثر اور شدید جوابی کارروائی کرتے ہوئے چھوٹے و بڑے ہتھیاروں اور توپ خانے سے افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی چوکیوں کو نشانہ بنایا، جس سے دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کی تصدیق کے مطابق پاک فوج کی شدید اور دندان شکن جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس وقت ضلع کرم سے متصل پاک افغان بارڈر پر شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پاک فوج کی جانب سے توپ خانے سے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top