پاکستانی حدود میں 8 ڈرونز داخل، سیکیورٹی فورسز نے تمام ڈرونز مار گرائے

کوہاٹ : سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آج صبح افغان طالبان رجیم کی جانب سے 8 ڈرونز نے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم افواج پاکستان کے فعال اور مستعد ایئر ڈیفنس سسٹم نے تمام ڈرونز کو مار گرایا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان اور پاک فضائیہ نے عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوشش کو پیشہ ورانہ انداز میں ناکام بنا دیا۔

ذرائع کے مطابق 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں جبکہ دیگر 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دراندازی افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشتگردوں کی براہ راست معاونت اور سرپرستی کا مزید ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں پاک بحریہ اور کوسٹ گارڈز کا مشترکہ آپریشن، اسمگل شدہ شراب اور ادویات برآمد

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات بھی افواج پاکستان نے کرم سیکٹر میں اشتعال انگیز فائرنگ کے جواب میں افغان طالبان رجیم کے متعدد مورچوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افواج پاکستان ملک اور عوام کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

Scroll to Top