پشاور: پشاور میں ڈرون حملوں اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے مضافاتی اور حساس علاقوں میں سرچ آپریشنز تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے گزشتہ روز سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی سربراہی میں سینئر پولیس افسران کا اجلاس ہوا، جس میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام تھانوں، چوکیوں، پولیس لائنز اور اہم مقامات کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں، جبکہ دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر تمام سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کا حکم دیا گیا۔
سی سی پی او نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام افسران، ڈی پی او خیبر اور ایس پیز کو ناکہ بندیوں پر چیکنگ اور سیکیورٹی انتظامات کی براہِ راست نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی حدود میں 8 ڈرونز داخل، سیکیورٹی فورسز نے تمام ڈرونز مار گرائے
اجلاس میں پشاور کے سٹی، کینٹ، فقیر آباد اور مضافاتی علاقوں میں ہوٹلوں، سراؤں اور گھروں کی سرچنگ تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں اور مشتبہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں پشاور کے مختلف تھانوں اور پولیس چوکیوں پر ڈرون حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث حساس اور مضافاتی علاقوں میں سرچ آپریشنز مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔





