پاکستان نے گزشتہ روز افغان سرزمین سے ڈرونز کے ذریعے دراندازی کی شدید مذمت کی، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور تعمیری روابط کے لیے پرعزم ہے، امن کے عزم کو کمزوری یا دشمنانہ کارروائیوں کی لامحدود برداشت نہ سمجھا جائے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں ڈرونز بھیجنا ملکی خودمختاری اور سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے، پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹمز نے تمام درانداز ڈرونز کا سراغ لگا کر انہیں تباہ کر دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ تمام ڈرونز کو مقررہ اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیا گیا، پاکستان نے اپنے دفاع کے حق کے تحت افغانستان میں ڈرونز کی لانچنگ اور ذخیرہ کرنے کے 10 مقامات کو نشانہ بنایا، افغانستان میں کارروائیاں شناخت شدہ فوجی اہداف تک محدود اور متناسب تھیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ فغان سرزمین سے دہشت گردی یا حملے کسی صورت قبول نہیں کئے جائیں گے، پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، پاکستان نے افغان طالبان حکومت سے پاکستان کے خلاف تمام سرگرمیاں فوری روکنے کا مطالبہ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈرونز کی دراندازی پر سخت ردعمل، پاکستان کے افغانستان میں 10 فوجی اہداف پر حملے
پاکستان نے کہا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملوں یا مخالفانہ کارروائیوں کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہئے، پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور تعمیری روابط کے لیے پرعزم ہے، امن کے عزم کو کمزوری یا دشمنانہ کارروائیوں کی لامحدود برداشت نہ سمجھا جائے۔
پاکستان کا مزید کہنا ہے کہ شہریوں اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔





