ملک بھر میں مسلسل 5 روز کی کمی کے بعد آج سونے کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے مقامی صرافہ بازاروں میں سونا ایک بار پھر ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 4 ہزار 700 روپے مہنگا ہونے کے بعد 4 لاکھ 53 ہزار 36 روپے کا ہو گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 29 روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 88 ہزار 404 روپے کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
علاوہ ازیں فی تولہ چاندی کی قیمت میں بھی 126 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 6 ہزار 963 روپے ہو گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ عالمی سطح پر فی اونس سونا 47 ڈالر کے اضافے کے بعد 4 ہزار 305 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
اگرچہ عالمی مارکیٹ میں جمعہ کے روز اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,288.36 ڈالر فی اونس اور امریکی گولڈ فیوچرز 0.6 فیصد اضافے سے 4,323.10 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئے، تاہم رواں ہفتے مجموعی طور پر عالمی سونا تقریباً 2 فیصد خسارے میں رہنے کی جانب گامزن ہے۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی 0.1 فیصد کمی کے بعد 63.81 ڈالر اور پیلاڈیم 1.3 فیصد کمی کے ساتھ 1,257.56 ڈالر فی اونس پر آ گئے، جبکہ پلاٹینم 0.5 فیصد اضافے سے 1,756.90 ڈالر فی اونس ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا 5اکتوبر تک لانگ مارچ موخرکرنے کا فیصلہ
معاشی و مالیاتی ماہرین کے مطابق بڑھتی ہوئی عالمی و جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور حکومتوں کے بڑھتے ہوئے قرضوں کے باعث دنیا بھر میں سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کر رہے ہیں جس کے باعث آنے والے دنوں میں بھی اس کی طلب برقرار رہنے کی توقع ہے۔





