سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری محمد اشرف لیڈر انتقال کرگئے

اسلام آباد: سابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان بار کونسل کے سابق وائس چیئرمین چوہدری محمد اشرف لیڈر 90 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے دیرینہ سیاسی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔

چوہدری محمد اشرف نے اپنی زندگی کا ایک طویل عرصہ سیاست اور قانون کے شعبے میں گزارا۔ قومی سیاست کے ساتھ ساتھ وکالت کے میدان میں بھی انہوں نے مختلف اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔

وہ چار مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور پارلیمانی امور میں فعال کردار ادا کرتے رہے۔ چوہدری اشرف قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لاء اینڈ جسٹس کے چیئرمین کے منصب پر بھی فائز رہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیے۔ سیاسی اور قانونی حلقوں میں انہیں طویل عرصے تک فعال رہنے والی شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا۔

چوہدری محمد اشرف لیڈر کا شمار سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے دیرینہ ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ ان کے انتقال پر سیاسی اور وکلا حلقوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے، جبکہ ان کے ساتھی وکلا نے مرحوم کی قانونی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں : مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد حنیف جٹ انتقال کرگئے

چوہدری محمد اشرف لیڈر کی نماز جنازہ آج صبح 10 بجے مسجد شہداء فرید ٹاؤن کے گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

نماز جنازہ میں اہل خانہ، عزیز و اقارب سمیت سیاسی اور قانونی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔چوہدری اشرف لیڈر کے انتقال پر بار ایسوسی ایشن ساہیوال نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ صدر ساہیوال بار کے مطابق مرحوم کی وفات کے سوگ میں ساہیوال بار سے وابستہ وکلا کل عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔

صدر ساہیوال بار نے چوہدری محمد اشرف لیڈر کے انتقال کو وکلا برادری کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے ان کی قانونی خدمات کو سراہا۔بار ایسوسی ایشن کی جانب سے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور اظہار ہمدردی بھی کیا گیا ہے۔

Scroll to Top