جنوبی وزیرستان: انگوراڈا میں نامعلوم ڈیوائس کا دھماکا، خاتون زخمی

نور علی وزیر
وانا: جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے مروکہ میں نامعلوم ڈیوائس کے دھماکے سے ایک خاتون زخمی ہوگئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق تقریباً 45 سالہ سلم زرہ زوجہ شیوہ خان، قوم توجئے خیل، مروکہ کے مقام پر مال مویشی کے پیچھے جاتے ہوئے مبینہ طور پر نامعلوم ڈیوائس کے دھماکے کی زد میں آگئیں۔

دھماکے کے نتیجے میں خاتون کی بائیں ٹانگ پر چوٹیں آئیں، جس کے بعد انہیں زخمی حالت میں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری محمد اشرف لیڈر انتقال کرگئے

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی خاتون کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں مزید علاج کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان ریفر کردیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں، تاہم فوری طور پر مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

جنوبی وزیرستان لوئر اور اپر کے مختلف علاقوں میں ماضی میں بھی لینڈ مائن کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں، جن میں بچوں اور خواتین کے متاثر ہونے کے واقعات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

Scroll to Top