درا زندہ کسٹم چیک پوسٹ دھماکے میں کسٹم اہلکاروں، خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد شہیدجبکہ 30 افراد زخمی ہوئے: ڈی پی او ڈیرہ ضیاءالدین احمد

ڈی پی اوڈیرہ اسماعیل خان ضیاء الدین احمد کے مطابق درازندہ کسٹم اور ایکسائز چیک پوسٹ کے قریب بارود سے بھری ٹریکٹر ٹرالی کی مدد سےخودکش دھماکہ کیا گیا جس میں اب تک 12 افراد کی شہادت کی تصدیق ہوئی ہے جن میں زیادہ تر کسٹم اور ایکسائز کے اہلکار شامل ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضیاء الدین احمدبتایا کہ دھماکے کا بنیادی ہدف کسٹم پوسٹ تھی جس کی شدت کے باعث پاس موجود ایک گھر کو بھی نقصان پہنچا اور وہاں موجود 2 خواتین اور ایک بچہ بھی جاں بحق ہوئے۔ واقعے میں 30 کے قریب افراد شدید زخمی ہیں جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال اور مفتی محمود ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا ہے۔

ڈی پی او کے مطابق واقعے کے فوری بعد زخمیوں اور میتوں کو لانے والی ریسکیو 1122 کی ایمبولنس پر بھی فائرنگ کی اطلاع ملی ہے جس میں 1 ریسکیو اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔

ڈی پی او ضیاء الدین احمد کا مزید کہنا تھا کہ بزدلانہ کارروائیوں سےپولیس ، سیکیورٹی فورسز اور ڈیرہ کے بہادر شہریوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔

Scroll to Top