ڈیرہ بگٹی :سیکیورٹی فورسز نے کلچاس کیمپ پردہشت گردوں کاحملہ ناکام بنادیا، جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک ، 7 گرفتار

سیکیورٹی فورسز اور مقامی امن فورس نے بروقت اور موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے کلچاس میں واقع یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ (UEPL) کے کیمپ پر دہشت گردوں کا راکٹ حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے اور تعاقب کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ 7 کو زندہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے کلچاس میں واقع یو ای پی ایل کیمپ کو نشانہ بناتے ہوئے 2 سے 3 راکٹ فائر کیے جس پر کیمپ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نےفوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی جس سے حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

امن فورس اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گھیراؤ کے بعد ہونے والے شدید مقابلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے جن میں سے 7 کی لاشیں تحویل میں لے لی گئی ہیں جبکہ 7 دہشت گردوں کو اسلحے سمیت زندہ حراست میں لے لیا گیا ہے۔

آپریشن کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک آر پی جی سیون، 11 دیگر مہلک ہتھیار اور بھاری مقدار میں گولا بارود برآمد ہوا ہے۔

فائرنگ کے تبادلے میں مقامی امن فورس کا ایک جوان جامِ شہادت نوش کر گیا جبکہ تین جوان زخمی ہوئے جنہیں سُوئی سے بلوچستان حکومت کی ایئر ایمبولینس کے ذریعے سکھر منتقل کر دیا گیا ہےجبکہ یو ای پی ایل کے دو سویلین ملازمین بھی معمولی زخمی ہوئے جنہیں سُوئی ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں اور گرفتار 7 ملزمان کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top