خیبرپختونخوا حکومت لوٹ مار میں ملوث، جلد وائٹ پیپر لائیں گے، امیر مقام

پشاور: خیبرپختونخوا کے صدر اور وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے اعلان کیا ہے کہ بہت جلد صوبائی حکومت کی کارکردگی سے متعلق وائٹ پیپر لایا جائے گا، جس میں تمام حقائق عوام کے سامنے رکھے جائیں گے۔

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی سرکار نے خیبرپختونخوا میں صرف وزرائے اعلیٰ تبدیل کیے، لیکن عوام کی قسمت نہیں بدلی۔

امیر مقام نے الزام عائد کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت لوٹ مار میں ملوث ہے اور اسے تاحال یہ معلوم نہیں کہ صوبے میں کیا کرنا ہے اور اس کی ترجیحات کیا ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر مطلوبہ توجہ نہیں دی جا رہی، جبکہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے بجائے حکومت کی ترجیحات کچھ اور دکھائی دیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کے خلاف عدم اعتماد، شیر افضل مروت نے خبر کی تصدیق کردی

انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ وائٹ پیپر میں صوبائی حکومت کی کارکردگی اور دیگر معاملات سے متعلق تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

امیر مقام نے واضح کیا کہ آئندہ دنوں میں وائٹ پیپر کے ذریعے صوبائی حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جائیں گی۔

Scroll to Top