سہیل آفریدی کے خلاف عدم اعتماد، شیر افضل مروت نے خبر کی تصدیق کردی

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے سے متعلق خبر کی ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے تصدیق کردی۔

شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سہیل آفریدی کو وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے سے متعلق مبینہ پیغام کی تفصیلات بھی بیان کردیں۔

شیر افضل مروت کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے پیغام دیا تھا کہ اسلام آباد مارچ شاید سہیل آفریدی کی صلاحیت سے زیادہ ہے اور انہیں وزارتِ اعلیٰ سے اسٹیپ ڈاؤن کرنا چاہیے۔

رکن قومی اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ سہیل آفریدی سے متعلق عمران خان کے پیغامات کی بشریٰ بی بی کی فیملی اور نورین نیازی نے بھی تصدیق کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے نورین نیازی سے سہیل آفریدی کے معاملے پر مزید گفتگو کی، جبکہ اس موقع پر بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔ شیر افضل مروت کے مطابق عمران خان نے سہیل آفریدی، سلمان اکرم اور دو دیگر افراد پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔

شیر افضل مروت نے مزید دعویٰ کیا کہ نورین نیازی نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے سہیل آفریدی کو ناکام بنانے کے لیے پریشر گروپ بنا رکھا ہے اور تقریباً 35 ارکان اسمبلی بغاوت پر اترے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد؟ عمران خان کا اہم پیغام سامنے آگیا

ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے پوچھا کہ 35 ارکان اسمبلی کا مطالبہ کیا ہے، جس پر نورین نیازی نے بتایا کہ ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی کچھ نہیں کر پا رہے۔

شیر افضل مروت کا دعویٰ ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ارکان اسمبلی کے مؤقف کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کی حکومت ٹھہرنے والی نہیں۔

رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ اگر سہیل آفریدی اسلام آباد مارچ نہ بھی کرسکے تو بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی معافی نہیں ہے۔

یاد رہے کہ 27 ستمبر کو ذرائع کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اسلام آباد مارچ نہ لانے کی صورت میں سہیل آفریدی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا پیغام دیا گیا ہے، جبکہ تقریباً 35 ارکان اسمبلی کی مخالفت کا بھی دعویٰ کیا گیا تھا۔

تاہم دوسری جانب بیرسٹر گوہر اور عمران خان کے اہلخانہ نے سہیل آفریدی کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق دعوؤں اور نورین نیازی سے منسوب گفتگو کی تردید کردی ہے۔

Scroll to Top