گھر یا کاروبار کیلئے 50 لاکھ تک قرضہ، نئی تجاویز سامنے آگئیں

اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مائیکروفنانس، ہاؤسنگ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے قرضوں اور مالیاتی حدود میں نمایاں اضافے کی تجویز پیش کردی۔

ایس ای سی پی کی جانب سے مجوزہ ترامیم تمام متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت کے لیے جاری کردی گئی ہیں۔ ان ترامیم کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور کم آمدن والے طبقے کو آسان مالی سہولیات کی فراہمی ہے۔

مجوزہ ترامیم کے تحت مائیکروفنانس اور ہاؤسنگ قرضوں کی زیادہ سے زیادہ حد 50 لاکھ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح مائیکروفنانس قرضہ حاصل کرنے والے درخواست دہندہ کی سالانہ آمدن کی حد 12 لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مقامی و عالمی مارکیٹ میں سونا ایک بار پھر سستا ہوگیا

مجوزہ ترامیم میں چھوٹے اداروں کے سالانہ ٹرن اوور کی حد 15 کروڑ روپے سے بڑھا کر 40 کروڑ روپے جبکہ درمیانے درجے کے اداروں کے لیے سالانہ ٹرن اوور کی حد 80 کروڑ روپے سے بڑھا کر 2 ارب روپے کرنے کی تجویز شامل ہے۔

ایس ای سی پی ترجمان کے مطابق چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے تجویز کردہ نئی حدود اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی حالیہ پالیسی اور تبدیلیوں سے ہم آہنگ کی گئی ہیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق مجوزہ اقدامات سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور کاروباری برادری کو مالی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

Scroll to Top