کامران علی شاہ
پاکستان مسلم لیگ (ق) لائرز ونگ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے سیاسی سرگرمیوں کے بجائے صوبے کے انتظامی امور اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ مطالبہ پاکستان مسلم لیگ (ق) لائرز ونگ کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیاجو سپریم کورٹ رجسٹری بلڈنگ پشاور میں محمد حبیب قریشی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں موجودہ صوبائی صورتحال، امن و امان، مہنگائی اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے صوبے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مہنگائی، بدامنی اور امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سیاسی سرگرمیوں کے بجائے سرکاری امور اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔
اجلاس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ مرکزی قیادت چوہدری شجاعت حسین، چوہدری سالک حسین اور صوبائی صدر انتخاب خان کی قیادت میں مسلم لیگ (ق) لائرز ونگ کو ملک بھر میں مزید فعال اور منظم کیا جائے گا۔
اجلاس کے شرکاء کے مطابق ملک بھر میں وکلا برادری سے رابطوں کے لیے دوروں کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف شہروں میں وکلا سے ملاقاتیں کی جائیں گی اور انہیں مسلم لیگ (ق) لائرز ونگ میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) لائرز ونگ آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ تمام امور آئین و قانون کے مطابق انجام دیے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ملک و قوم کے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
لائرز ونگ نے آئندہ سپریم کورٹ بار، ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے اور اپنے امیدواروں کی کامیابی کے لیے کردار ادا کرنے کا بھی اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں : صوابی: ٹک ٹاک بنانے پر تنازع، ماموں کی فائرنگ سے بہن اور بھانجی جاں بحق
اجلاس میں عثمان ترلاندی، داؤد خان، اویس علی، معراج قریشی، محمد ثاقب، جمرود خان آفریدی، مہرمن خاتون، جہانگیر خان خواجہ، عماد انجم دورانی، تسلیم اعوان، زاہد سلطان اور محمد جمیل سمیت دیگر وکلا نے شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے محمد حبیب قریشی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی پارٹی اور لائرز ونگ کے لیے خدمات کو سراہا۔





