معروف صحافی وقار ستی کی ایک تہلکہ خیز خبر کے مطابق خیبر پختونخوا میں کرپشن اور اختیارات کے مبینہ غلط استعمال کے خلاف دائر شکایات پر شکنجہ مزید سخت ہو گیا ہے۔
وقار ستی کے مطابق صوبے میں مالی بے ضابطگیوں اور ترقیاتی فنڈز میں کمیشن وصولی کے الزامات کے تناظر میں یہ اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں سہیل آفریدی کے بھائیوں اور کزنز کے خلاف مبینہ میگا اسکینڈلز کی چھان بین مکمل کر لی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کی جانب سے جن افراد کے خلاف تحقیقات مکمل کی گئی ہیں ان میں سہیل آفریدی کے تین بھائی نوید، وحید اور عامر آفریدی شامل ہیں، جبکہ ان کے کزنز عبدالحادی عرف ’’پتنگ ہادی‘‘ اور ادریس آفریدی کے نام بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔
ان تمام افراد پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے صوبائی وسائل اور سرکاری امور میں مبینہ طور پر اثر انداز ہو کر غیر قانونی فوائد حاصل کیے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ یہ معاملہ محض معمولی بے ضابطگیوں کا نہیں بلکہ اس میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم اور مبینہ کمیشن کے لین دین کے سنگین شواہد شامل ہیں۔
چھان بین کے دوران اربوں روپے کے انکشافات سامنے آئے ہیں، جن کی فائلیں اب مکمل ہو چکی ہیں۔
تحقیقات کا دائرہ کار مکمل ہونے کے بعد اب توقع کی جا رہی ہے کہ متعلقہ احتساب اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس معاملے پر باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کریں گے۔
سیاسی اور عوامی حلقوں میں اس پیشرفت کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔





