فرانسیسی زبان پر مہارت رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے کینیڈا سے خوشخبری، نومبر کا مہینہ اہم

کینیڈا کی وفاقی حکومت 2027 سے 2029 تک کے لیے امیگریشن لیولز پلان نومبر کے آغاز میں پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس میں مستقل رہائش اختیار کرنے والوں اور عارضی رہائشیوں کے لیے نئے اہداف مقرر کیے جائیں گے۔

نئے پلان میں 2029 کے لیے مستقل رہائشیوں کی تعداد کا پہلا باقاعدہ ہدف مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ 2027 اور 2028 کے لیے موجودہ امیگریشن پلان میں دیے گئے اشارتی اہداف کی بھی تصدیق یا نظرثانی کی جائے گی۔

متوقع پلان میں بین الاقوامی طلبہ اور عارضی غیر ملکی کارکنوں سمیت عارضی رہائشیوں کی تعداد بھی شامل ہوگی۔ امیگریشن کے نئے اہداف پر ممکنہ تارکین وطن، طلبہ اور عارضی کارکنوں کی گہری نظر ہے، کیونکہ ان اہداف سے مستقبل میں کینیڈا آنے کے مواقع اور مختلف امیگریشن پروگرامز کے حجم کا اندازہ ہوگا۔

کینیڈین قانون کے تحت وزیرِ امیگریشن کو ہر سال امیگریشن لیولز پلان پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کرنا ہوتا ہے۔ چونکہ یکم نومبر 2026 اتوار کو ہے اور اس روز پارلیمنٹ کا اجلاس نہیں ہوگا، اس لیے پلان نومبر کے ابتدائی دنوں میں پارلیمنٹ کے اگلے اجلاس کے دوران پیش کیے جانے کی توقع ہے۔

موجودہ 2026 تا 2028 امیگریشن لیولز پلان 5 نومبر 2025 کو جاری کیا گیا تھا۔

نیا پلان ایسے وقت میں سامنے آئے گا جب کینیڈین حکومت عارضی رہائشیوں کی تعداد کم کرنے اور آبادی میں اضافے کی رفتار کو معتدل رکھنے کے لیے امیگریشن پالیسی میں مختلف تبدیلیاں کر رہی ہے۔

متوقع پلان میں اکنامک امیگریشن، ایکسپریس انٹری، صوبائی نامزدگی پروگرامز، فیملی ری یونین اور فرانسیسی زبان بولنے والے تارکین وطن کے لیے مختص جگہوں سے متعلق تفصیلات بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں کیلئے کینیڈا میں مستقل رہائش کا راستہ، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

اسی طرح بین الاقوامی طلبہ اور عارضی غیر ملکی کارکنوں کے لیے اہداف بھی خصوصی توجہ کا مرکز ہوں گے۔ مختلف امیگریشن پروگرامز میں نشستوں کی تقسیم اس بات پر اثرانداز ہوسکتی ہے کہ مستقبل میں امیدواروں کے لیے کون سے امیگریشن راستے زیادہ دستیاب ہوں گے۔

حکومت کی جانب سے 2027 تا 2029 کے نئے اہداف آئندہ تین برسوں کے دوران کینیڈا کی امیگریشن، عارضی نقل مکانی اور آبادی میں اضافے سے متعلق پالیسی کا اہم اشارہ فراہم کریں گے۔

Scroll to Top