بصارت سے محروم ننھے قاری محمد مجتبیٰ نے ضلعی سطح کے مقابلۂ حسنِ قرأت 2026 میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔
صوابی کے علاقے پنچ پیر سے تعلق رکھنے والے قاری محمد مجتبیٰ ولد سیدالابرار نے گاڑ منارہ میں منعقدہ ضلعی سطح کے مقابلۂ حسنِ قرأت میں اپنی خوبصورت اور دلنشین تلاوت سے شرکاء، علماء کرام اور قاری صاحبان کو متاثر کردیا۔
صوت القرآن اکیڈمی پاکستان کے زیرِ اہتمام ہونے والے مقابلے میں ضلع صوابی کے مختلف مدارس سے طلبہ اور قراء نے شرکت کی۔ منصفین نے شرکاء کی قرأت، تلفظ، مخارج اور تجوید کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد نتائج مرتب کیے، جس میں ننھے قاری محمد مجتبیٰ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
بصارت سے محرومی کے باوجود قرآنِ کریم کی تلاوت میں ننھے قاری کی مہارت اور خوبصورت اندازِ قرأت نے انہیں نمایاں مقام دلایا۔ ان کی کامیابی اس بات کی روشن مثال ہے کہ عزم، محنت اور قرآنِ کریم سے محبت کے سامنے جسمانی مشکلات رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان بورڈ کی مبینہ غفلت، تیسری پوزیشن دینے کے بعد طالبہ سے اعزاز واپس لے لیا گیا
ننھے قاری محمد مجتبیٰ کی کامیابی پر اہلِ علاقہ اور مقابلے میں شریک افراد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔





