اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش سے متعلق خبریں مسترد،وضاحت جاری

اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش سے متعلق خبریں مسترد،وزارت اطلاعات نے وضاحت جاری کردی

وفاقی وزارت اطلاعات نے وفاقی دارالحکومت میں سڑکوں کی مبینہ بندش سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ اسلام آباد میں کوئی سڑک بند نہیں کی گئی اور شہریوں کی قانونی نقل و حرکت جاری ہے۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں بعض مقامات پر کنٹینرز احتیاطی تدبیر کے طور پر عدالتی ہدایات کے تحت رکھے گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حفاظتی اقدامات کا مقصد شہریوں کی جان و مال، بنیادی ڈھانچے اور حساس تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ہے،یہ انتظامات مرتب کرتے وقت متعلقہ جماعت کے ماضی کے پرتشدد واقعات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

وزارت اطلاعات کے بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ اقدامات کا مقصد کسی کی قانونی نقل و حرکت کو روکنا نہیں بلکہ امن و امان برقرار رکھنا اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کرنا ہے۔

وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ اسلام آباد کی تمام سڑکیں کھلی ہیں اور شہری معمول کے مطابق قانونی طور پر آمدورفت جاری رکھ سکتے ہیں، محض سڑکوں کے اطراف یا مخصوص مقامات پر کنٹینرز کی موجودگی کو سڑکوں کی بندش قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔

وزارت اطلاعات کا کہنا تھا کہ غیر ملکی میڈیا کی ایک رپورٹ میں حفاظتی اقدامات کو روڈ بلاکیجز کے طور پر پیش کیا گیا، جبکہ ان اقدامات کے پس منظر میں موجود امن و امان اور سیکیورٹی سے متعلق عوامل کو نظر انداز کیا گیا۔

وزارت کے مطابق اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات کا مقصد شہریوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اہم سرکاری و حساس تنصیبات کی حفاظت بھی ہے، بیان میں کہا گیا کہ موجودہ حالات میں حفاظتی اقدامات کو ان کے مکمل تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔

وزارت اطلاعات نے کہا کہ اس نوعیت کی یکطرفہ رپورٹنگ عوام میں گمراہ کن اور منفی تاثر پیدا کرتی ہے، کسی بھی حفاظتی اقدام کی رپورٹنگ کرتے وقت اس کے پس منظر، قانونی بنیاد اور متعلقہ حکام کے مؤقف کو بھی سامنے رکھنا ضروری ہے۔

Scroll to Top