پشاور میں افغان کرنسی اور ایرانی ریال کی خرید و فروخت تقریباً بند

پشاور: پشاور میں افغان کرنسی اور ایرانی ریال کی قدر میں نمایاں کمی آگئی ہے جبکہ دونوں کرنسیوں کی خرید و فروخت کا کاروبار تقریباً مکمل طور پر بند ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد کی طویل بندش کے باعث پشاور کی کرنسی مارکیٹ میں افغان کرنسی کی طلب میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔ پاکستانی روپے کے مقابلے میں افغان کرنسی کی قدر بھی نمایاں طور پر کم ہوئی ہے۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق ایرانی ریال کی طلب بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے، جس کے باعث اس کی خرید و فروخت میں شدید کمی واقع ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک امریکی ڈالر کی قیمت 26 لاکھ 28 ہزار ایرانی ریال تک پہنچ گئی ہے، جسے ایرانی ریال کی ڈالر کے مقابلے میں انتہائی کم ترین سطح قرار دیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سوات: مٹہ میں افسوسناک واقعہ، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

دوسری جانب افغانستان کو درپیش معاشی مشکلات اور پاک افغان سرحد کی بندش کے اثرات افغان کرنسی پر بھی پڑ رہے ہیں۔ پشاور میں افغان کرنسی کے کاروبار میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان واپس جانے والے شہری اپنی ضروریات کے لیے افغان کرنسی کے بجائے امریکی ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسیاں ساتھ لے جانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ سرحدی تجارت اور آمد و رفت کی طویل بندش نے پشاور کی کرنسی مارکیٹ کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے باعث افغان کرنسی اور ایرانی ریال کی طلب میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔

Scroll to Top