مانسہرہ میں مبینہ غیرت کے نام پر نوجوان لڑکا اور لڑکی قتل

 مانسہرہ میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر 28 سالہ نوجوان گل نواز اور 18 سالہ لڑکی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں مقتولین کو گولیاں ماری گئیں، جبکہ لڑکی کے بھائی عابد پر مبینہ طور پر فائرنگ کرنے کا الزام ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ غیرت کے نام پر پیش آنے کا شبہ ہے۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کا تعلق بٹگرام کے علاقے شملائی ہل سے تھا۔ مقتول نوجوان کی شناخت 28 سالہ گل نواز جبکہ لڑکی کی عمر 18 سال بتائی گئی ہے۔

 واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔ دونوں مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لانگ مارچ کرنے والے اٹک کراس نہیں کریں گے،فیصل کریم کنڈی

  شکارپور میں بھی دوہرے قتل کا واقعہ

 واضح رہے کہ اگست میں شکارپور کے ٹاؤن رستم کے کچے کے علاقے میں بھی مبینہ طور پر غیرت کے نام پر امام مسجد اور ایک لڑکی کو قتل کردیا گیا تھا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

 پولیس کے مطابق گاؤں چمن سکپور کے قریب مبینہ طور پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے مسجد کے پیش امام انیس پھوڑ اور لڑکی نمل سبزوئی کو قتل کردیا تھا۔

 واقعے کی اطلاع ملنے پر رستم پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، جہاں دونوں مقتولین کی لاشیں موجود تھیں۔

Scroll to Top