لیونل میسی کا بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے بین الاقوامی فٹبال کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

 39 سالہ میسی نے اپنے ہوم گراؤنڈ بیونس آئرس میں افریقی ملک بینن کے خلاف کھیلے گئے دوستانہ میچ میں شرکت کی جو ان کے بین الاقوامی کیریئر کا 208 واں اور آخری میچ تھا۔ 

اس یادگار مقابلے میں میسی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گول اسکور کیا اور دو گولز میں معاونت کی جس کی بدولت ارجنٹینا نے بینن کو 0-3 سے شکست دی۔

85 ہزار سے زائد تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں شائقین اور ساتھی کھلاڑیوں نے اپنے کپتان کو انتہائی جذباتی انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

 میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے لیونل میسی نے کہا کہ ارجنٹینا کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے خوبصورت تجربہ رہا ہے، وہ اس جرسی اور شائقین کی محبت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور اب ایک مداح کی حیثیت سے ٹیم کی حمایت جاری رکھیں گے۔ قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے باوجود میسی اپنے امریکی کلب انٹر میامی کے لیے کھیلنا جاری رکھیں گے۔

لیونل میسی کو ارجنٹینا کی تاریخ کے سب سے کامیاب فٹبالر کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ وہ اپنی قومی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 208 میچز کھیلنے اور ریکارڈ 126 گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ترجمان پاک فوج نے سعودی عرب میں پاکستانی دستوں کی تصدیق کردی

 اپنے 21 سالہ بین الاقوامی سفر کے دوران انہوں نے 6 فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں حصہ لے کر 21 ورلڈ کپ گول کیے، جبکہ ان ہی کی قیادت میں ارجنٹینا نے 2021 اور 2024 کے کوپا امریکا ٹرافیوں کے ساتھ 2022 کا فیفا ورلڈ کپ بھی جیتا۔

Scroll to Top