پی ٹی آئی خبر دار، وزیراعلیٰ سندھ گورنر راج پر اہم بیان

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ  نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی مشروط حمایت بھی کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر زور دیا ہے کہ وہ دہشتگردی کے معاملے پر اپنا واضح مؤقف اختیار کرے، جبکہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی مشروط حمایت بھی کردی۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی خواہاں نہیں، تاہم موجودہ حالات میں پی ٹی آئی کی قیادت کو سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا کہ دہشتگردی کے چیلنج سے دوچار ملک کو کس سمت لے جایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ گورنر راج جمہوری اعتبار سے ایک ناپسندیدہ اقدام ہے، تاہم آئینی طور پر اسے غلط قرار نہیں دیا جا سکتا۔

دوسری جانب مراد علی شاہ نے سندھ میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ قرار دیتے ہوئے صوبے میں گندم کی قلت کے تاثر کو مسترد کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایمرجنسی یا گورنر راج؟ ایمل ولی خان کا اہم مؤقف سامنے آگیا

پنجاب حکومت کی طرز پر آٹے پر سبسڈی دینے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت پہلے ہی گندم پر سبسڈی فراہم کرچکی ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر مزید سبسڈی دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔

Scroll to Top