پولیس شہدا پیکیج میں اضافے کی تیاری، گورنر نے سمری طلب کرلی

پشاور: خیبر پختونخوا میں فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہدا کے ورثا اور صوبے بھر کے پولیس اہلکاروں کے لیے اہم اور تاریخ ساز فیصلے کیے گئے ہیں۔ 

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں پولیس کی تنخواہوں میں اضافے اور شہدا کے ورثا کے ویلفیئر پیکج سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

 اجلاس میں مشیر داخلہ کفایت اللہ خان، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم امجد علی خان اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے گورنر خیبر پختونخوا کو پولیس فورس کی تنخواہوں میں اضافے اور شہدا کے ورثا کے فلاحی پیکج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

 گورنر نے تنخواہوں میں اضافے سے متعلق تجاویز پر گہرے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سمری جلد از جلد تیار کر کے بھجوانے کی سخت ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین سے متعلق بڑا فیصلہ، انتظامیہ متحرک

اجلاس میں پولیس فورس اور شہدا کے خاندانوں کو طویل مدتی ریلیف دینے کے لیے کئی انقلابی تجاویز پیش کی گئیں، جن میں درج ذیل نکات سرِ فہرست ہیں۔

نقد مالی معاونت: شہدا کے ورثا کے لیے پلاٹ دینے کی پیچیدہ روایت کے بجائے فوری اور براہِ راست نقد مالی معاونت کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

بیٹیوں کی شادی کے لیے گرانٹ: پولیس شہدا کی بیٹیوں کی شادی کے اخراجات اٹھانے کے لیے خصوصی مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تعلیمی انڈومنٹ فنڈ: شہدا کے بچوں کے اعلیٰ اور معیاری تعلیمی اخراجات کو یقینی بنانے کے لیے ایک مخصوص انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کی تجویز دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : سرکاری گاڑیوں پر عیاشیاں کرنے والوں کا دَور ختم: بونیر میں گاڑیوں کی عدم واپسی پر پی ٹی آئی وزراء کے خلاف مقدمات درج

زخمیوں کے پیکج میں اضافہ: دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازیوں کے پیکج میں بھی اضافے کی تجاویز شامل کی گئی ہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے آئی جی پولیس کی جانب سے پیش کردہ تمام فلاحی تجاویز سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس سے متعلقہ سمری فوری طور پر تیار کر کے منظوری کے لیے ارسال کی جائے تاکہ فورس کے جوانوں اور شہدا کے خاندانوں کو جلد از جلد ان کا حق اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Scroll to Top