وزیراعظم کااپنا گھر اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے بڑی رعایت کا حکم

وفاقی حکومت نے عام شہریوں کو سستے گھروں کی فراہمی آسان بنانے کے لیے بیوروکریسی کی رکاوٹیں ختم کر دی ہیں۔ 

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اپنا گھر اسکیم کے تحت درخواستوں پر فیصلے کا کل دورانیہ صرف 15 کاری دنوں تک محدود رہے گا جبکہ سابقہ 25 کاغذات کا بوجھ ختم کر کے اب صرف 5 بنیادی دستاویزات طلب کی جائیں گی۔

تمام بڑے بینکوں کے سربراہان اور وفاقی وزراء کی موجودگی میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں زرعی، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے مالی سہولیات کے فروغ کا جائزہ لیا گیا۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک اس منصوبے کے ذریعے 448 ارب روپے مالیت سے زائد کے 75 ہزار سے زائد قرضے منظور کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 14 ہزار سے زائد درخواست دہندگان کو 76 ارب روپے منتقل بھی ہو چکے ہیں۔

اجلاس میں رواں سال 1 لاکھ 25 ہزار خاندانوں کے لیے 700 ارب روپے کے ہاؤسنگ فنڈز مہیا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : گورنر فیصل کریم کنڈی نے پولیس شہداء کے ورثاء میں پلاٹوں کے لیٹرز تقسیم کر دیے

 وزیراعظم نے مالیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ ڈویلپرز فنانسنگ کو فروغ دینے اور ترجیحی شعبوں کے لیے ادارہ جاتی استعداد بڑھانے پر فوری توجہ دی جائے تاکہ قرضوں کی فراہمی بغیر کسی تاخیر کے ممکن بنائی جا سکے۔

Scroll to Top