گورنر فیصل کریم کنڈی نے پولیس شہداء کے ورثاء میں پلاٹوں کے لیٹرز تقسیم کر دیے

خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے اورایمرجنسی کے بعد پولیس کا مورال بلند کرنے اور استعداد کار بڑھانے کے لیے فوری اور انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس پشاور میں پولیس شہداء کے ورثاء میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں، مراعات اور شہداء کے پیکج میں توقعات سے بڑھ کر اضافے کا اعلان کیا ہے۔

تقریب میں آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید، سینئر پولیس افسران، ایڈوائزری کونسل کے اراکین اور شہداء کے ورثاء نے شرکت کی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہیں اور مراعات دیگر تمام صوبوں کے مقابلے میں سب سے بہتر ہونی چاہئیں۔

انہوں نے ڈیوٹی کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کے معاوضوں میں اضافے، شہداء کے بچوں کے لیے پلاٹ کے بجائے گھر کی خریداری کے لیے مالی معاونت اور دہشت گردی کے واقعات میں خاندان کے دیگر افراد کی شہادت کی صورت میں خصوصی امدادی پیکیج متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا۔

اس کے علاوہ ڈیوٹی کے علاوہ دیگر وجوہات سے وفات پانے والے اہلکاروں کے خاندانوں اور شہداء کی بیٹیوں کی شادی کے لیے خصوصی تحائف کی منظوری دی گئی۔

گورنر خیبر پختونخوا نے پولیس فورس میں نفری کی شدید کمی دور کرنے اور اہلکاروں پر کام کا غیر ضروری دباؤ ختم کرنے کے لیے خالی آسامیوں پر فوری طور پر بھرتیوں کا عمل تیز کرنے کی سخت ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے فیصلے پر آئینی مہر لگ گئی

انہوں نے سوئٹ ہومز اور بینکوں کے سی ایس آر پروگرامز کے تعاون سے شہداء کے بچوں کو بالکل مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے ایک پائیدار اور منظم فریم ورک قائم کرنے کا حکم دیا تاکہ امن و امان کے قیام کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کے خاندانوں کی سرپرستی کا حق ادا کیا جا سکے۔

Scroll to Top