معاذ صداقت کی ٹی 20 رینکنگ میں حیران کن کارکردگی

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پاکستان اور سری لنکا کی ٹی 20 سیریز کے اختتام کے بعد کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کر دی گئی ہے، جس میں پاکستانی نوجوان بیٹر معاذ صداقت نے نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔

نوجوان بیٹر معاذ صداقت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 187 درجے لمبی چھلانگ لگائی ہے اور وہ 533 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ اب 45ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان 883 پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر برقرار ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت کے ایشان کشن اس فہرست میں بدستور سرفہرست ہیں جبکہ ابھیشیک شرما دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

دوسری جانب دیگر پاکستانی بیٹرز کی رینکنگ میں تنزلی بھی دیکھی گئی ہے؛ صائم ایوب چار درجے تنزلی کے بعد 550 پوائنٹس کے ساتھ 42 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، سابق کپتان بابر اعظم تین درجے تنزلی کے بعد 48 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ حسن نواز بھی تین درجے تنزلی کے بعد 51 ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔ اس کے برعکس، فخر زمان ایک درجہ ترقی کر کے 473 پوائنٹس کے ساتھ 81 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے اسٹار اسپنر ابرار احمد ٹاپ تھری سے باہر ہو گئے ہیں اور وہ 695 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

بولرز کی عالمی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے ۔ آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ انگلینڈ کے عادل رشید نے تیسری پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے۔

پاکستان کے فاسٹ بولر سلمان مرزا نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نو درجے ترقی کی ہے اور وہ 635 پوائنٹس کے ساتھ 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ تاہم، اسپنر محمد نواز چھ درجے تنزلی کے بعد 626 پوائنٹس کے ساتھ 18 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی چار درجے تنزلی کے بعد 40 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

Scroll to Top