پاکستانی طلبا کے لیے بڑی خوشخبری: کینیڈا کی معروف یونیورسٹی کا اسکالرشپس کا اعلان

غیرملکی تعلیم کا خواب دیکھنے والے پاکستانی اور بین الاقوامی طلبا کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، کینیڈا کی نامور ’یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا‘ نے سال 2027 کے تعلیمی سیشن کے لیے انجینئرنگ اسکالرشپ کی درخواستوں کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا نے ستمبر 2027 کے سیشن کیلئے اپنے ماسٹر آف اپلائیڈ سائنس (MASc) ان الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ پروگرام میں داخلوں کی وصولی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ تحقیق پر مبنی اس ڈگری کے لیے پاکستانی طلبا سمیت دنیا بھر سے درخواست دہندگان 15 جنوری 2027 تک اپلائی کر سکتے ہیں۔

یونیورسٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی معاونت حاصل کرنے والے طلبا کو تعلیمی سیشن کے پہلے دو سالوں کے دوران سالانہ تقریباً 32,575 کینیڈین ڈالرز کی وسطی (میڈین) فنڈنگ فراہم کی گئی۔ ٹیوشن اور دیگر تعلیمی اخراجات کی وضع داری کے بعد طلبہ کو خالصتاً (Net) 22,970 کینیڈین ڈالرز کی رقم موصول ہوئی۔ تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس فنڈنگ کی ہر طالب علم کے لیے مطلق ضمانت نہیں دی جا سکتی کیونکہ اس کا انحصار اسکالرشپس، ریسرچ اسسٹنٹ شپس، ٹیچنگ اسسٹنٹ شپس اور سپروائزر کی جانب سے دستیاب فنڈز پر ہوتا ہے۔

بین الاقوامی طلبہ کے لیے سالانہ ٹیوشن فیس تقریباً 10,081.65 کینیڈین ڈالرز ہے، جبکہ معیار پر پورا اترنے والے بین الاقوامی طلبا 3,200 کینیڈین ڈالرز سالانہ تک کا ’انٹرنیشنل ٹیوشن ایوارڈ‘ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

اسکالرشپ اور داخلے کے لیے امیدوار کے پاس متعلقہ شعبے میں 4 سالہ بیچلر ڈگری، بہترین تعلیمی ریکارڈر، انگریزی زبان میں مہارت اور 3 سفارشی خطوط (Recommendation Letters) کا ہونا ضروری ہے۔ داخلے کے لیے GRE امتحان کی شرط لازمی قرار نہیں دی گئی ہے۔

Scroll to Top