فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے والے شہریوں اور کاروباری طبقے کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے تاریخ میں توسیع کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ میں 16 روز کی توسیع کر دی گئی ہے جس کے بعد اب نئی آخری تاریخ 31 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
تجارتی تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے درپیش مشکلات کے پیش نظر ریٹرن فائل کرنے کی مدت میں توسیع کی درخواستیں کی گئی تھیں جن پر مثبت پیش رفت کرتے ہوئے ایف بی آر نے یہ فیصلہ جاری کیا۔
یہ بھی پڑھیں :پیٹرول کی قیمت میں کمی ،ڈیزل مہنگا، نوٹیفکیشن جاری
واضح رہے کہ اس سے قبل انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر طے کی گئی تھی تاہم اس فیصلے کے بعد 30 ستمبر اور 15 اکتوبر تک ریٹرن جمع کروانے کے پابند افراد کو مزید مہلت مل گئی ہے۔
ایف بی آر حکام کے مطابق اس توسیع کا بنیادی مقصد ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنا اور زیادہ سے زیادہ افراد کو فائلرز کی فہرست میں شامل ہونے کا موقع دینا ہے تاکہ تمام متعلقہ افراد آسانی کے ساتھ اپنے ریٹرن بلا تاخیر جمع کروا سکیں۔





