پشاور سے عمرہ کی سعادت کے لیے حجازِ مقدس جانے والے زائرین کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ بارڈر ہیلتھ سروسز نے پشاور سے روانہ ہونے والے عمرہ زائرین کے لیے ویکسینیشن کے بغیر سفر کی استثنیٰ کی مدت میں 25 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔
بارڈر ہیلتھ سروسز کے فوکل پرسن غلام مرتضیٰ شاہ کے مطابق پشاور سے روانہ ہونے والے تمام زائرین کو 25 اکتوبر صبح 10 بجے تک بغیر ویکسینیشن کے سفر کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس مقررہ ڈیڈ لائن کے ختم ہوتے ہی پشاور ایئرپورٹ سے تمام عمرہ زائرین کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی جائے گی اور بغیر ویکسینیشن کسی کو بھی سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فوکل پرسن نے مزید بتایا کہ زائرین کی سہولت کے لیے ویکسینیشن کا بندوبست کر دیا گیا ہے، عمرہ زائرین پشاور میں شامی روڈ پر واقع فیڈرل گورنمنٹ میڈیکل سینٹر سے اپنی ویکسینیشن کروا سکتے ہیں۔ بارڈر ہیلتھ سروسز نے اس نئی اور حتمی ڈیڈ لائن کے بارے میں تمام ائیر لائنز اور ٹریول ایجنٹس کو باضابطہ مراسلے اور ہدایات جاری کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کا زہریلا سیاسی انتقام مجھے خاموش نہیں کرا سکتا: رہائش گاہ پر چھاپے اور تلاشی کے بعد الہان عمر کا ردِعمل!
واضح رہے کہ اس سے قبل پشاور سے سفر کرنے والے زائرین کے لیے ویکسینیشن کی چھوٹ 10 اکتوبر تک تھی، تاہم انتظامیہ نے زائرین کی سہولت اور ویکسینیشن کے تقاضے پورے کرنے کے لیے اس میں مزید توسیع کی ہے۔





