محسن نقوی نے گورنر شپ اور گورنر راج میں حصہ نہ ملنے پرناراض سیاسی جماعت کے سربراہ کی بلیک میلنگ کا پردہ فاش کر دیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ گورنر راج میں حصہ اور گورنر شپ نہ ملنے کی وجہ سے شدید ناراض ہیں۔

لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ وہی سیاستدان ہیں جو ماضی میں کئی دہائیوں تک اسٹیبلشمنٹ کے سہارے سیاست کرتے رہے اور اپنی پارٹی کے ہوائی ٹکٹ بھی انہی سے بنواتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سیاستدانوں کو آج دوسروں پر انگلیاں اٹھانا زیب نہیں دیتا، سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن غیر شائستہ زبان اور الزام تراشی کے بجائے دلائل اور حقائق کی بنیاد پر بات ہونی چاہیے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی رہنماؤں کو آج سابق فاٹا کے اضلاع کے وسائل کی تشویش ہو رہی ہے، لیکن جب سالہا سال تک ان اضلاع کو جائز حصہ نہیں مل رہا تھا تو اس وقت یہ لوگ خاموش کیوں تھے اور انہیں قبائلی عوام کے حقوق کا خیال کیوں نہیں آیا؟

یہ بھی پڑھیں : سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک دفعہ پھر اضافہ

انہوں نے مزید کہا کہ سابق فاٹا کے عوام کے حقوق کا معاملہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہونا چاہیے۔ خیبرپختونخوا اس وقت سنگین سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے سیاسی رہنما انتشار پھیلانے کے بجائے امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ صوبے کو اس وقت سیاسی محاذ آرائی کے بجائے امن اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top