کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع خضدار اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کی شدت ریختر اسکیل پر5.9 ریکارڈ کی گئی ہے۔
زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ اور آياتِ کريمہ کا ورد کرتے ہوئے سراسیمگی کے عالم میں اپنے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی زمین میں 25 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز خضدار سے 48 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا 13 سالہ سیاہ باب بند، کے پی کے تمام معطل فنڈز جاری، رکے ہوئے منصوبے رواں دواں
خضدار کے علاوہ بلوچستان کے دیگر علاقوں بالخصوص ضلع واشک کی تحصیل بسیمہ میں بھی زلزلے کے انتہائی شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلے کی شدّت اور گہرائی کے باعث شروعاتی طور پر علاقے میں سراسیمگی پھیل گئی، تاہم اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
مقامي انتظامیہ اور ریسکیو ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کی کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔





