سلمان علی آغا کی سنچری، پاکستان نے سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف دے دیا

راولپنڈی: سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سلمان علی آغا کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دے دیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 107 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر اعظم 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ سعد بیگ نے 39 اور حسن نواز نے 37 رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں عرفات منہاس نے 18، فخر زمان نے 16، صائم ایوب نے 7 اور فہیم اشرف نے 6 رنز اسکور کیے۔

یہ بھی پڑھیں : بابراعظم نے ون ڈے میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا

سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ آسیتھا فرنینڈو 3 پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ پر مشتمل سہ ملکی ون ڈے سیریز 18 سے 31 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گی۔ سات میچوں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں چھ لیگ میچز اور ایک فائنل کھیلا جائے گا، جبکہ تمام مقابلوں کی میزبانی راولپنڈی اور لاہور کریں گے۔

دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیریز کے دوران 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شیڈول ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کے لیے مختص کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

Scroll to Top