سوات : وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے احتجاج کی کال پر ساتھ نہ دے کر واضح کردیا ہے کہ وہ انتشار کی سیاست کے بجائے ترقی، امن اور خوشحالی چاہتے ہیں۔
سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی کال پر عوام کی عدم شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے کے عوام ترقی اور خوشحالی کے حامی ہیں۔ ان کے مطابق عوام نے اپنے طرزِ عمل سے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور انتشاری سیاست کی حمایت میں کوئی سامنے نہیں آیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ یہاں کے عوام باشعور ہیں اور اپنے فیصلے خود کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب انتشار کے بجائے ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ پختون عوام نے پارٹی کو تین مرتبہ صوبے میں اقتدار کا موقع دیا، تاہم ان کے بقول پی ٹی آئی عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی۔
یہ بھی پڑھیں : صدیوں سے دفن معدنیات سے صرف سیاست دانوں کے دن بدلے، غریب کا معیارِ زندگی نہیں،ایم این اے غزالہ انجم
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں صوبے میں لوٹ مار کا بازار گرم رہا اور گزشتہ 13 برس کے دوران خیبرپختونخوا کو کھنڈر بنا دیا گیا۔
امیر مقام کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام وفاقی حکومت کے اقدامات کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبے کے عوام کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بہادر عوام نے مسلسل قربانیاں دی ہیں، جنہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں اور ان کا طرزِ عمل احتجاج اور انتشار کی سیاست کے بجائے مثبت پیش رفت کی حمایت کی عکاسی کرتا ہے۔





