مردان : خیبرپختونخوا میں اب ناجائز تجاوزات کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی کیونکہ اب دعووں اور وعدوں کا نہیں بلکہ عملی کام کا دور ہے، اور اسی عزم کے تحت صوبائی دارالحکومت کے بعد اب مردان سمیت صوبے بھر میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
مردان کو خوبصورت، پرامن اور ٹریفک کے مسائل سے مکمل پاک بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے شہر کے مختلف تجارتی مراکز اور اہم علاقوں میں بلاامتیاز کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
مردان کی پانچوں تحصیلوں میں ایک جامع ٹاسک کے تحت یہ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جہاں تخت بائی، کارلنگ، رستم اور گڑھی کپورہ جیسے تمام اہم علاقوں میں سرکاری اراضی کی نشاندہی کر کے بھاری مشینری کے ذریعے بڑی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
گزشتہ روز تخت بائی میں کی جانے والی بڑی کارروائی کے دوران بھاری مشینری کی مدد سے تمام عارضی اور مستقل تجاوزات کو مسمار کر کے بڑے پیمانے پر قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی ہے، جبکہ باقی تحصیلوں میں بھی ضلعی حکام کی براہِ راست نگرانی میں آپریشنز جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تجاوزات کا قصہ تمام، گراؤنڈ پر بڑا ایکشن، پشاور رنگ روڈ پر درجنوں غیرقانونی دکانیں مسمار
انتظامیہ کے مطابق سڑکوں، فٹ پاتھوں اور سرکاری زمینوں پر قائم ناجائز دکانوں، شیڈز اور ریڑھیوں کا صفایا کر کے راستے عام شہریوں اور ٹریفک کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر کھولے جا رہے ہیں۔
ضلعی حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ آپریشن کوئی عارضی اقدام نہیں بلکہ شہر کی خوبصورتی اور روڈ انفراسٹرکچر کی پائیدار بحالی کے لیے مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے، اور دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ مردان میں صفائی ستھرائی کا مربوط نظام بھی فعال کر دیا گیا ہے جہاں ڈبلیو ایس سی کی جانب سے باقاعدہ صفائی اور اہم راستوں کی خوبصورتی کے لیے بڑے گملے بھی لگائے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام تاجروں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی بالادستی اور شہر کے بہتر نظم و ضبط کے لیے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔





