خیبر پختونخوا کے سیاسی اور انتظامی حلقوں میں اس وقت زلزلہ آ گیا جب قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے اربوں روپے کے ہاؤسنگ اسکینڈل، آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں کارروائی کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے بڑا ایکشن لے لیا۔
نیب نے نیشنل اکاؤنٹبلٹی آرڈیننس 1999 کی دفعہ 19 کے تحت 16 اکتوبر 2026 کو پانچ باضابطہ کال اپ نوٹسز جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے ہاؤسنگ اور رکنِ صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) ڈاکٹر امجد علی سمیت ان کے دیگر متوقع شرکائے جرم کے گرد قانون کا گھیرا انتہائی تنگ ہو گیا ہے۔
نیب کی انکوائری ٹیم کو موصول ہونے والے سنسنی خیز شواہد کے بعد چار اہم ترین گواہان باچا سید، محمد عارف شاہ، سراج احمد اور نوید احمدکو 20 سے 22 اکتوبر 2026 کے درمیان باقاعدہ بیانات اور ریکارڈ جمع کرانے کے لیے نیب دفتر میں طلبی کے سمن جاری کیے گئے ہیں تاکہ اس ہائی پروفائل کیس کے تمام چھپے ہوئے حقائق کو منظرِ عام پر لایا جا سکے۔
تحقیقات کا سب سے اہم اور سنسنی خیز پہلو زمینوں اور اربوں روپے کے مالیاتی معاملات سے جڑا ہے۔ نیب نے اسلام آباد کی انتہائی مہنگی اور معرو ف ایٹین ہاؤسنگ سوسائٹی کے ساتھ ساتھ کے پی کی جلوزئی ہاؤسنگ اسکیم میں پراپرٹی کی الاٹمنٹ، باقاعدہ ملکیت کی دستاویزات، بے نامی پلاٹوں اور ادائیگیوں کا مکمل اور پرانا ریکارڈ فوری طور پر قبضے میں لینے کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر امجد علی کے سرکاری کھاتوں اور مراعات کا حساب کتاب برابر کرنے کے لیے نیب نے اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا کے دفتر کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ اے جی آفس کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ڈاکٹر امجد علی کے بطور ایم پی اے اور معاونِ خصوصی تمام سمریاں، تنخواہیں، ملنے والے سرکاری الاؤنسز، مراعات اور سب سے بڑھ کر ان کے ملکی و غیر ملکی اسفار پر اٹھنے والے اخراجات کا تفصیلی چٹھا فوری طور پر نیب کے حوالے کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : صحت کارڈ پلس کے 21 ارب روپے کی چھان بین، نیب نے سابق چیئرمین کو طلب کرلیا
نیب حکام نے جاری کردہ ان سخت ترین نوٹسز میں حتمی تنبیہ بھی شامل کی ہے کہ کسی بھی قسم کی التوا، عدم تعمیل یا ریکارڈ چھپانے کی کوشش کی صورت میں کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی، اور متعلقہ افراد و بیوروکریٹس کے خلاف نیب قوانین کے تحت فی الفور سخت ترین پراسیکیوشن اور عدالتی کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔





