کراچی : عالمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں فی تولہ سونا مزید 900 روپے سستا ہوگیا، جبکہ چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 900 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 34 ہزار 536 روپے پر آگئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 772 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 72 ہزار 544 روپے ہوگئی۔
صرافہ مارکیٹ کے جاری کردہ نرخوں کے مطابق سونے کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ چاندی بھی سستی ہوگئی ہے۔ فی تولہ چاندی کی قیمت 27 روپے کی کمی کے بعد 6 ہزار 207 روپے ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : نامزد اضلاع کے لیے نیا انتظامی ڈھانچہ تشکیل، پانچ سیکرٹریز تعینات
دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 9 ڈالر سستا ہوکر 4 ہزار 120 ڈالر پر آگیا۔
عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں میں ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی دیکھے جا رہے ہیں۔ تازہ کمی کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں پر خریداروں اور کاروباری حلقوں کی توجہ مرکوز ہے۔
واضح رہے کہ سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ عالمی مارکیٹ کے نرخوں اور مقامی صرافہ مارکیٹ کی صورتِ حال سے منسلک ہوتا ہے، جس کے باعث قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی آسکتی ہے۔





