وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران عوامی ریلیف سے متعلق ایک بڑا اعلان کر سکتے ہیں جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی وزیراعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے پاس اعلان کرنے کے لیے اہم چیز ہے۔
حذیفہ رحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا اہم اعلان عوامی ریلیف سے متعلق ہوگا، اس اعلان میں عوام کے لیے بہت اچھی خبر ہوگی، 48 گھنٹوں تک وزیراعظم کے اعلان کا انتظار کیا جائے، چند گھنٹوں میں عوام کو بہت اچھی خبر ملے گی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ اگر تشہیر کی جا رہی ہے تو پھر ریلیف بھی اسی معیار کا ہوگا، اگر عوام کی توقعات ہیں تو پھر ان پر پورا اتریں گے، ایسی خبر ملے گی کہ جس سے عوام کو ریلیف کا احساس ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پیٹرول کی قیمتیں کم ہوں گی تو پھر دیگر چیزیں بھی کم ہوں گی، اور یہ ممکن ہے کہ یہ اعلان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ہو کیونکہ چند روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں اور مزید بھی ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کاخیبرپختونخوا میں تنظیمی امور چلانے سے متعلق اہم فیصلہ
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھی ایک تجسس بھرا ٹویٹ کیا ۔ انہوں نے بھی وزیراعظم کی جانب سے بڑے اعلان کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے پاس اعلان کرنے کے لیے کچھ اہم چیز ہے، وزیراعظم خود جلد اعلان کریں گے، ہمارے ساتھ جڑے رہیں۔





