خیبرپختونخوا کی سرزمین پر انتشار اور فتنہ پروری کی سیاست کرنے والوں کو اب زمین نگل رہی ہے۔ صوبے میں ایک دہائی سے زائد عرصے تک لوٹ مار، جھوٹ اور عوام کو دھوکہ دینے والے عناصر کا مکروہ چہرہ اب پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے شانگلہ میں ایک پروقار اور پرجوش تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ پی ٹی آئی حکومت کے سیاہ کارناموں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے باشعور عوام نے اس نام نہادانتشاری ٹولے کو ہمیشہ کے لیے مسترد کر دیا ہے اور صوبے سے لوٹ مار اور کرپشن کا ناپاک سلسلہ اب ہمیشہ کے لیے ختم ہو چکا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے سابق وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی کی پوری قیادت کو کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے 13 سالہ اقتدار کا حاصل صرف اور صرف جھوٹ، فریب اور بے بنیاد نعرے بازی کے سوا کچھ نہیں تھا۔
اس طویل دورِ بدحالی میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی ایک بھی سنجیدہ ایجنڈا سامنے نہیں لایا گیا بلکہ صوبے کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے اس تباہ کن دورِ حکومت کے خاتمے پر خیبرپختونخوا کے عوام نے حقیقی معنوں میں سکھ کا سانس لیا ہے۔
وفاقی وزیر نے غصے اور عزم کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ پچھلے 13 سالوں میں صوبے کے خزانے سے لوٹے گئے ایک ایک پائی کا سخت حساب لیا جائے گا اور کسی بھی مفسد کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اور صدر مملکت کی قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد کا پیغام!
انہوں نے کہا کہ آج خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کا نام لینے والا کوئی نہیں بچا، ان کی منفی سیاست کا باب ہمیشہ کے لیے بند اور دفن ہو چکا ہے۔
انجینئر امیر مقام نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ جب پی ٹی آئی کی اس نااہل حکومت کا خاتمہ ہوا تو صوبے میں کوئی ایک شخص بھی ان کے حق میں باہر نہیں نکلا جو اس بات کا سب سے بڑا ثبوت ہے کہ کے پی کے غیور عوام اب ان کے گھناؤنے ایجنڈے کو اچھی طرح جان اور پہچان چکے ہیں۔





