سرکاری زمینوں پر قائم ناجائز سلطنتیں زمین بوس، ڈی آئی خان میں گرینڈ آپریشن سے قبضہ مافیا کا صفایا

ڈیرہ اسماعیل خان میں ضلعی انتظامیہ نے قبضہ مافیا اور تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف شکنجہ کس لیا ہے ، شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے شروع کیا گیا گرینڈ آپریشن پانچویں روز بھی جاری ہے۔ 

نئے سیٹ اپ میں انتظامیہ کی ہنگامی بنیادوں پر تجاوزات کیخلاف آپریشن  کے نتیجے میں سالہا سال سے قائم ناجائز قبضے ختم کر کے اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی ہے۔

بھاری مشینری اور بلڈوزر کا ایکشن

شہر کے مشہور اور مرکزی مقامات بشمول ٹانک اڈا، شیخ یوسف اڈا، کوٹلی امام کے سامنے اور پرانی سبزی منڈی میں تجاوزات کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جا رہا ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی اس سخت کارروائی کے نتیجے میں کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے مالیت کی اراضی واگزار کروائی گئی ہے۔

 اس آپریشن کے دوران اکیلے تقریباً 10 کنال اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کروا کر واپس سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے،  ان تمام اہم مقامات کے علاوہ شہر کے باقی حصوں میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مہمند میں انتظامیہ کا تجاوزات کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن جاری,24 گھنٹے کا الٹی میٹم!

عوامی حلقوں کا ردِعمل 

ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام پر عوام کی جانب سے گہرے اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ٹریفک کے حوالے سے شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا ، تجاوزات کے خاتمے سے اب سڑکیں کھلتی جا رہی ہیں، اور امید ہے کہ مستقبل میں ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملے گی۔

آپریشن کے نتیجے میں شہر کا نقشہ بدلنا شروع ہو گیا ہے، طویل عرصے سے بدترین ٹریفک جام اور گرد و غبار کا باعث بننے والی سڑکیں اب کھلی اور صاف شفاف دکھائی دے رہی ہیں ، شہر کی سڑکوں پر تجاوزات کے باعث پیدل چلنا بھی محال ہو چکا تھا، لیکن اس آپریشن نے شہر کو نئی زندگی دے دی ہے،  سڑکیں کشادہ ہونے سے نہ صرف ٹریفک کا مسئلہ حل ہو رہا ہے بلکہ شہر کی خوبصورتی بھی بحال ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انتخابات میں اے آئی کے استعمال پر نئی پابندیاں لگانے کی تجویز، الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق میں ترامیم جاری کر دیں

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ واگزار کرائی گئی اراضی کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور اگر کسی نے دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

 پی ٹی آئی حکومت اور مقامی نمائندوں کی مجرمانہ غفلت بے نقاب 

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سالہا سال سے قبضہ مافیا اور تجاوزات کے اس بدترین ناسور کے پروان چڑھنے میں پی ٹی آئی حکومت اور اس کے مقامی سیاسی نمائندوں کی مجرمانہ غفلت اور سیاسی مصلحتیں براہ راست ذمہ دار تھیں ۔

 موجودہ سخت اقدامات نے یہ واضح کر دیا ہے کہ سابقہ دورِ حکومت محض نعروں کی حد تک محدود تھی ، سالہا سال سے ناانصافی کا شکار عام شہریوں کو بھی ایک پرامن، کشادہ اور خوبصورت شہری ماحول میسر آئے گا۔

Scroll to Top