سیکیورٹی خدشات کے باعث مولانا فضل الرحمٰن سے کارکنان کی ملاقات پر پابندی عائد

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عیدالفطر کے موقع پر اپنے قائد مولانا فضل الرحمٰن سے کارکنان کی ملاقات پر پابندی عائد کر دی ہے۔

پارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں جاری سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں کارکنان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عید کی تعطیلات کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان آنے کی کوشش نہ کریں۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ پارٹی قیادت اور کارکنان کی حفاظت اور سلامتی کو اولین ترجیح دی جائے گی، اور اس حوالے سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اپنے کارکنان سے درخواست کی ہے کہ وہ عید کی خوشیاں اپنی مقامی سطح پر منائیں اور اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کریں۔

مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد اسلم غوری نے اس فیصلے کو کارکنان کے تحفظ اور قیادت کی سلامتی کے پیش نظر ضروری قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ہمیشہ اپنے کارکنان سے ملاقات کو ترجیح دیتے ہیں، مگر موجودہ سیکیورٹی حالات میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے مولانا فضل الرحمان کی کوئٹہ میں ملاقات

جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے یہ فیصلہ سیکیورٹی اداروں کی طرف سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور ملکی امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔

اس کے علاوہ پارٹی نے کارکنان سے درخواست کی ہے کہ وہ قیادت کے فیصلے کا احترام کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top