پشاور:مشیر صحت خیبر پختونخوا لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے پشاور میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبے کے صحت کے شعبے کی دگرگوں صورتحال، انتظامی خامیوں اور سنگین چیلنجز پر کھل کر بات کی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں صحت کے نظام کی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہیں، تاہم اس دیرینہ بحران پر قابو پانے کے لیے نجی شعبے کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
زچگی اور بچوں کی صحت کے تشویشناک اعداد و شمار
پریس کانفرنس کے دوران مشیر صحت نے بتایا کہ صوبے میں ماں اور بچے کی صحت کے اشاریے انتہائی تشویشناک ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ہر ایک ہزار میں سے 42 بچے دورانِ زندگی یا پیدائش کے ابتدائی مراحل میں لقمہ اجل بن جاتے ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں مائیں بھی بچوں کی پیدائش کے دوران جاں بحق ہو جاتی ہیں۔
دورانِ زچگی اموات کی شرح میں ہنگامی بنیادوں پر کمی لانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے انکشاف کیا کہ صوبے کے تقریباً 40 فیصد بچوں کی نشوونما (Growth) بری طرح متاثر ہو رہی ہے، جو کہ آنے والی نسل کے لیے ایک بڑا لمحہ فکریہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ کے بھتہ خوروں کے نام نہاد ’’دیوتاؤں‘‘ کے چہروں سے نقاب ہمیشہ کے لیے اُتر گیا، اختیار ولی خان کا بڑا انکشاف
ہسپتالوں میں شدید قلت اور بستروں پر تین تین مریض
صوبائی ہسپتالوں کی حالت زار پر بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے اعتراف کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں بستروں (Beds) اور ہیلتھ کیئر ورکرز کی شدید کمی ہے۔
صورتحال اتنی ابتر ہے کہ بعض اسپتالوں میں ایک ہی بستر پر تین تین مریض علاج کروانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی اس خامی کو دور کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
پولیو کا خاتمہ اور ویکسین کی تیاری
پولیو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ پولیو دنیا بھر سے ختم ہو چکا ہے، لیکن بدقسمتی سے پاکستان اور افغانستان اب بھی ان چند ممالک میں شامل ہیں جہاں یہ ناسور ہنوز موجود ہے۔
پولیو کا مکمل خاتمہ اسی صورت میں ممکن ہے جب اس کے خلاف اجتماعی اور بھرپور قومی جدوجہد کی جائے۔ انہوں نے صوبے میں ویکسین کی تیاری اور تربیت کے عمل کو وسعت دینے کی بھی شدید ضرورت پر زور دیا۔
پرائمری ہیلتھ کیئر، ڈیجیٹائزیشن اور ادویات کا معیار
مشیر صحت نے واضح کیا کہ موجودہ انتظامیہ کی پہلی ترجیح پرائمری ہیلتھ کیئر (بنیادی صحت کی سہولتیں) کی بہتری ہے۔ اس نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے اور بے ضابطگیوں کے تمام راستے بند کرنے کے لیے ڈیجیٹائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے، کیونکہ ڈیجیٹائزیشن کے بغیر کرپشن اور انتظامی خامیوں کا سدباب ناممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مرکز میں سناٹے کا راج اور باہر سڑکوں پر ٹریفک کی رواں دواں زندگی، فضل الرحمان کا نام نہاد “طوفان” خود اپنے ہی خالی کمروں میں دم توڑ گیا
ادویات کے معیار پر کڑے الفاظ میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادویات کا معیار ایک بڑا سوالیہ نشان بن چکا ہے۔
اس گھناؤنے مسئلے سے نمٹنے کے لیے صوبے کے پانچوں ڈویژنز کو ادویات کے نمونے فوری طور پر چیک کرنے کے لیے پانچ موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز فراہم کر دی گئی ہیں۔
ڈاکٹروں کی غیر متوازن تعیناتیاں اور تعطل کا شکار منصوبے
ڈاکٹروں کی تقرریوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے حالیہ دنوں میں 250 نئے ڈاکٹرز بھرتی کیے ہیں۔ تاہم بدانتظامی کا عالم یہ ہے کہ بعض مقامات پر جہاں ڈاکٹروں کی ضرورت نہیں تھی، وہاں ایک ہی سیٹ پر تین تین ڈاکٹر موجود ہیں جبکہ دور دراز اور ضرورت مند شہروں میں ڈاکٹروں کی شدید قلت ہے۔ اس عدم توازن کو ختم کرنے کے لیے اب ڈاکٹروں کی منصفانہ تعیناتی کی جا رہی ہے۔
منصوبوں کی تاخیر پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان کا منصوبہ سال 2012 سے التواء کا شکار ہے جو اب تک مکمل نہیں ہو سکا، جبکہ خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کو فعال بنانا بھی انتہائی ناگزیر ہے۔
خواتین میں چھاتی کا کینسر اور رجسٹریشن کا فقدان
ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے نگار جوہر نے بتایا کہ خواتین میں زچگی کے بعد ہونے والی اموات میں چھاتی کے کینسر (Breast Cancer) سے ہونے والی اموات بھی انتہائی اہم ہیں، لیکن المیہ یہ ہے کہ خیبرپختونخوا میں تاحال چھاتی کے کینسر کا ایک بھی باضابطہ کیس رجسٹرڈ نہیں کیا گیا، جو صحت کے ڈیٹا بیس کی خامیوں کو واضح کرتا ہے۔





