خیبرپختونخوا میں سرکاری اطلاعات کی مؤثر ترسیل اور اداروں کے مابین رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشیر برائے اطلاعات ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ محمود جان بابر سے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی ڈپٹی ڈائریکٹر رومانہ اسد خان نے پشاور میں ایک اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ادارہ جاتی روابط، باہمی تعاون کے فروغ اور مختلف انتظامی و پیشہ ورانہ معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اس موقع پر اطلاعات و نشریات کے شعبے میں دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال، دفتری امور میں جدت و بہتری، سرکاری معلومات کی بروقت ترسیل اور میڈیا کوآرڈینیشن کو مزید فعال بنانے سے متعلق اہم نکات زیرِ بحث آئے۔
دونوں رہنماؤں نے متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور مشترکہ امور کی انجام دہی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ سرکاری سطح پر اطلاعات کی مؤثر فراہمی، عوام تک مستند اور بروقت معلومات کی رسائی اور ادارہ جاتی ذمہ داریوں کی احسن طریقے سے ادائیگی کے لیے ایک مربوط حکمتِ عملی اور باہمی اشتراک ناگزیر ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات محمود جان بابر نے کہا کہ درپیش مسائل اور متعلقہ امور کو باہمی مشاورت کے ذریعے حل کرنے کے لیے مؤثر رابطہ کاری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا صحت کے شعبے میں تاریخی اقدام:زچہ و بچہ کے لیے 3 ارب 14 کروڑ 75 لاکھ روپے کا منصوبہ تیار!
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشترکہ معاملات پر متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے اور مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ محکمہ جاتی کارکردگی کو مزید بہتر اور عوام کے لیے مؤثر بنایا جا سکے۔





