ساف چیمپئن شپ 2026 کے انتہائی سنسنی خیز اور کانٹے دار فائنل میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم قومی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ اور فائنل میچ میں جس جرات، عزم اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اس نے شائقینِ ل کے دل جیت لیے۔
نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے گئے اس فیصلہ کن معرکے میں گرین شرٹس نے آخری منٹ تک حریف ٹیم کے دانت کھٹے رکھے لیکن ایک متنازعہ ریڈ کارڈ نے میچ کا نقشہ پلٹ کر رکھ دیا اوربھارت نے یہ میچ 1-2 سے اپنے نام کیا۔
میچ کے پہلے ہاف میں پاکستانی ٹیم (شاہینز) نے کھیل کے ہر شعبے میں بھارتی ٹیم پر برتری برقرار رکھی۔
پہلے ہاف کے دوران پاکستان نے 65 فیصد تک گیند پر کنٹرول رکھا 9 شٹس لگائے (جن میں سے 4 ہدف پر تھے) اور 4 کارنرز حاصل کیے۔
صمد ارشد، حارث زیب اور مڈفیلڈ میں عادل نبی کی شاندار مہارت نے بھارتی دفاع کو پسپا کیے رکھا۔
ہاف ٹائم کے بلکل قریب، اضافی وقت (45+1 ویں منٹ) میں پاکستان نے شاندار ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے سبقت حاصل کی۔
جنید شاہ کے بائیں جانب سے دیے گئے کراس کو عالمگیر غازی نے کمال مہارت سے گول کے اوپری کونے میں پہنچا کر پاکستان کو 1-0 کی برتری دلادی۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں بھی پاکستان نے اچھے حملے جاری رکھے لیکن میچ کا سب سے بڑا ٹرننگ پوائنٹ 59ویں منٹ میں آیا۔ ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (VAR) کے طویل جائزے کے بعد جنید شاہ کو ایک فاؤل پر براہ راست ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔
اس فیصلے کے بعد پاکستان کو میچ کا باقی حصہ 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔
اعدادوشمار گواہ ہیں کہ ایک کھلاڑی کم ہونے کے بعد پاکستان کا دباؤ کم ہوا پہلے ہاف میں 65 فیصد پوزیشن رکھنے والی پاکستانی ٹیم کا بال پوزیشن کم ہوکر 49 فیصد رہ گیا جبکہ بھارت نے اس صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔
دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے باوجود پاکستانی کھلاڑیوں نے ہمت نہیں ہاری۔ گول کیپر یوسف بٹ نے شاندارسیوز کر کے ٹیم کو کئی بار بچایا۔
تاہم بھارت نے 60ویں منٹ میں سہیل بھٹ کے گول کی بدولت اسکور برابر کیا اور پھر میچ کے آخری لمحات (88ویں منٹ) میں سندیپ منڈی کے ہیڈر نے بھارت کو 2-1 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم گرفتار، جیل منتقل
میچ کے اختتام پر اگرچہ نتیجہ بھارت کے حق میں رہا لیکن پاکستانی شاہینز نے میدان میں جس بہادری، جوش اور غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس نے ثابت کردیا کہ یہ ٹیم مستقبل میں کسی بھی حریف کو مات دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ شائقینِ کھیل اس سنسنی خیز مقابلے اور ٹیم کی فائٹنگ اسپرٹ کو دیر تک یاد رکھیں گے۔





