پیٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر، عوام نے بڑا مطالبہ کردیا

اسلام آباد:حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے اعلان پر ملک بھر کے شہریوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔

 شہریوں نے اس اقدام کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کے ساتھ ساتھ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کی جائے تاکہ عام آدمی کو مہنگائی کے طوفان سے حقیقی ریلیف مل سکے۔

مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیشت اور روزمرہ زندگی کا براہِ راست انحصار ڈیزل کی قیمتوں پر ہوتا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ڈیزل سستا ہونے سے پبلک ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات میں کمی واقع ہوگی، جس کے نتیجے میں نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی آئے گی بلکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بھی نیچے آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : سری لنکا 98 پر ڈھیر، پاکستان کے 325 رنز، 227 رنز کی بھاری برتری حاصل

عوام کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ کمی کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہیں۔

 شہریوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمت کو 250 روپے فی لیٹر کی سطح پر لایا جائے تاکہ متوسط اور غریب طبقے کے سفری اخراجات میں حقیقی کمی آ سکے۔

شہریوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ صرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی ردوبدل کافی نہیں، بلکہ اس کے ثمرات نچلی سطح تک منتقل کرنے اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کو سستا کرنے کے لیے پرائس کنٹرول کے مؤثر اور عملی اقدامات بھی یقینی بنائے جائیں۔

Scroll to Top