انسدادِ دہشت گردی عدالت کا بڑا حکم، سڑکیں بلاک کرنے اور پولیس پر پتھراؤ کے مقدمے میں فضل الرحمٰن کے قریبی ساتھی مفتی ابرار کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی خصوصی عدالت برائے انسدادِ دہشت گردی نے دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت درج مقدمے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مفتی ابرار کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق جج خصوصی عدالت برائے انسدادِ دہشت گردی عدالت نمبر 1 اسلام آباد کی جانب سے 18 نومبر 2026 کو جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری بلا ضمانت میں پولیس کو حکم دیا گیا ہے کہ ملزم مفتی ابرار سکنہ مسجد فاروق اعظم، سیکٹر I-9/4 اسلام آباد کو گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔

مقدمے کے متن اور دستیاب تفصیلات کے مطابق تھانہ انڈسٹریل ایریا (I-9) اسلام آباد میں 7 نومبر 2026 کو درج کی گئی ایف آئی آر نمبر 1212/26 میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7-ATA اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 148، 149، 341، 343، 290، 291، 186، 188، 109، 393، 440 سمیت دیگر قانونی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے اندراجات کے مطابق سیکٹر I-9/4 میں فاروق اعظم مسجد کے قریب جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے بغیر کسی پیشگی اجازت یا این او سی کے غیر قانونی اجتماع کیا اور سڑک بلاک کر دی۔

یہ بھی پڑھیں : شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند

پولیس کے روکنے پر مفتی ابرار کی قیادت میں مظاہرین پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے پولیس پارٹی پر پتھراؤ کیا، سرکاری گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی اور اسلحے کے زور پر سرکاری امور کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالی۔

 مزید برآں ہنگامہ آرائی کے دوران عام شہریوں، مسافروں اور قریبی رہائشی فلیٹس کے مکینوں کو محصور کر کے ان کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات بھی مقدمے کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے کے اندراج کے بعد ملزم مفتی ابرار گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو گئے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top