پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں نے عالمی امن کو مضبوط بنایا، یورپی پارلیمنٹ میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا شاندار خطاب!

عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کے اعداد و شمار سامنے آگئے، گزشتہ سات دہائیوں کے دوران 2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکار اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ 183 اہلکار عالمی امن کی خاطر جانیں قربان کرچکے ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے برسلز میں عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تنازعات کے علاقوں سے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے لیے نئے خطرات پیدا کرسکتی ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے محض جنگ بندی کافی نہیں بلکہ مشترکہ حکمت عملی، باہمی تعاون اور انسانی سلامتی کو ترجیح دینا ضروری ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز کو مناسب وسائل فراہم کرنے کے ساتھ ان کے دائرہ کار کو زمینی حقائق کے مطابق تشکیل دیا جائے۔

یورپی پارلیمنٹ برسلز میں شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی طویل خدمات کا ذکر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران 2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکار 48 امن مشنز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں جبکہ ان مشنز کے دوران 183 پاکستانی اہلکاروں نے جانوں کی قربانی دی۔

وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز کی اچانک کمی سے انسانی سلامتی کے مسائل مزید سنگین ہوسکتے ہیں۔

ان کے مطابق امن مشنز کے مینڈیٹ حقیقت پسندانہ، مناسب وسائل سے لیس اور دیرپا سیاسی حل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے مشنز کے مینڈیٹ کی تشکیل میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو مؤثر نمائندگی ملنی چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی تنازعات کی وجوہات صرف سیاسی یا عسکری نہیں بلکہ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوری جیسے عوامل بھی کشیدگی میں اضافہ کررہے ہیں۔

پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے براہ راست متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی کی تباہی اور 18 سالہ حکمرانی کا بوجھ اٹھائے بلاول کس منہ سے لیکچر دے رہے ہیں؟خواجہ آصف

انہوں نے زور دیا کہ دیرینہ تنازعات کا حل بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق نکالا جائے جبکہ متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور موسمیاتی و ترقیاتی وعدوں پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مؤثر اور جامع عالمی نظام کے قیام کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

پاکستان عالمی سطح پر انسانی وقار، انصاف اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

Scroll to Top